ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آنندی بین کا استعفیٰ منظور، اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کرکے گجرات کا نیا وزیر اعلیٰ چنیں گے امت شاہ

آنندی بین کا استعفیٰ منظور، اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کرکے گجرات کا نیا وزیر اعلیٰ چنیں گے امت شاہ

Wed, 03 Aug 2016 19:31:27    S.O. News Service

نئی دہلی، 3 ؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )گجرات کا نیا وزیراعلیٰ منتخب کرنے کے عمل کو رفتار دیتے ہوئے بی جے پی نے بدھ کو ریاست کی موجودہ وزیراعلیٰ آنندی بین کواستعفیٰ دینے کی اجازت دے دی اور پارٹی صدر امت شاہ کو پارٹی اراکین کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے آنندی بین کاجانشین منتخب کرنے کا کام سونپا۔امت شاہ کے احمد آبادپہنچنے پرجمعرات کوپارٹی اراکین کی میٹنگ ہوسکتی ہے۔پارٹی کے سینئر لیڈر وینکیا نائیڈو نے بدھ کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ پربی جے پی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کوبتایاکہ آنندی بین گورنرکواپنااستعفیٰ سونپیں گی۔بورڈنے پارٹی اراکین کی میٹنگ کے لئے مرکزی وزیر نتن گڈکری اورپارٹی جنرل سکریٹری سروج پانڈے کو مرکزی سپروائزر کے طورپرمقررکیاہے۔اس اجلاس میں نئے لیڈرکاانتخاب رسمی طورپرکیاجائے گا۔گجرات اسمبلی کے ممبر ان اسمبلی کے شاہ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔نائیڈو نے اس بات پرزوردیا کہ ٓانندی بین کا جانشین پارٹی کے ممبران اسمبلی میں سے ہی ہوگا۔نائیڈو نے ان خبروں کو بھی مسترد کر دیا کہ خود امت شاہ آنندی بین پٹیل کی جگہ لے سکتے ہیں۔نائیڈو نے کہا کہ پارٹی کو قومی سطح پر ان کی قیادت کی ضرورت ہے، کیونکہ وہ پارٹی کو’’بہت بلندیوں‘‘تک لے کر گئے ہیں اور ان کی قیادت میں پارٹی کو کئی کامیابیاں ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بورڈکی میٹنگ میں آنندی بین کے جانشین کے نام کی بحث نہیں ہوئی۔نائیڈو نے کہاکہ پارلیمانی بورڈ نے آنندی بین پٹیل کی چھوڑنے کی خواہش کو منظوری دے دی ہے۔انہوں نے اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہونے کی خواہش ظاہرکی تھی کیونکہ وہ جلدہی75سال کی ہونے والی ہیں۔ایک وزیراعلیٰ کے طورپراوراس سے پہلے ایک وزیرکے طورپران کے اچھے ریکارڈرہے ہیں۔نائیڈو نے کہا کہ نئے رہنما کے انتخاب سے پہلے امت شاہ قانون سازی کی ٹیم کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے صدر بھی ایک رکن اسمبلی ہیں۔وہ میٹنگ میں موجود رہیں گے۔وہ تبادلہ خیال کریں گے اوراس کے بعدجانشین پرفیصلہ کیا جائے گا۔پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ بورڈ نے شاہ کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے امیدوار منتخب کرنے کا اختیار دیا ہے۔جب نائیڈو سے امت شاہ کے وزیر اعلی کے عہدے کے دعویدار ہونے کے بارے میں پوچھاگیا توانہوں نے کہاکہ ایساسوال ہی نہیں اٹھتا۔وہ پارٹی کے صدر ہیں اور رہیں گے۔پارٹی کو قومی سطح پر ان کی قیادت کی ضرورت ہے۔ایسی کوئی بحث نہیں ہوئی ہے۔ریاستی کابینہ میں دوسرے نمبر کے لیڈر نتن پٹیل اور گجرات پارٹی کے سربراہ اور وزیروجے روپانی کوآنندی بین پٹیل کے جانشین کی دوڑ میں اہم دعویدار مانا جا رہا ہے۔


Share: